جے پور، 27؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی جے پی کے ایک ایم پی کی طرف سے ایک ٹول پلازہ پر ایک گارڈ کی مبینہ طور پر پٹائی کئے جانے کا معاملہ روشنی میں آیاہے۔واقعہ کا ویڈیو وائرل ہو گیا ہے۔وائرل ہوئے اس مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھرت پور سے بی جے پی کے ممبرپارلیمنٹ بہادر سنگھ کولی بیکانیر،آگرہ نیشنل ہائی وے پر واقع لودھابئی ٹول پلازہ پر اپنی اسکارپیو کو روکنے والے ٹول ناکہ گارڈ کی پٹائی کرتے نظر آ رہے ہیں۔اس میں ان کے حامی بھی گارڈ کی پٹائی کرتے نظر آرہے ہیں۔بی جے پی ایم پی کولی نے آج میڈیا سے بات چیت میں واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹول گارڈ ڈنڈا لے کر ان کی طرف دوڑا تھا ۔بھرت پور ضلع کے سیور تھانہ علاقے میں واقع لودھابئی ٹول ناکے پر پیش آئے واقعہ کے وائرل ہوئے ویڈیو فوٹیج میں معاملہ کے تھوڑی ہی دیر بعد پولیس بھی وہاں پہنچتی دکھائی دیتی ہے۔کولی نے کہا کہ یہ واقعہ گذشتہ 11؍جولائی کو دھرسونی گاؤں میں ایک حامی کے گھر سے بھرت پور لوٹنے وقت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹول ناکے کے ایک دروازے سے ان کی اسکارپیو کے نکلنے کے بعد آگے کھڑے ایک ٹول گارڈ نے گاڑی روکنے کا اشارہ کیا اور جیسے ہی ان کی گاڑی رکی، ایک گارڈ ان کی طرف ڈنڈا لے کر دوڑا آیا ۔کولی نے کہا کہ گارڈ نے ان کی گاڑی کے ڈرائیور کا گریبان پکڑ لیا۔اس پر وہ خود باہر نکلے اور حامیوں سے مار پیٹ کر رہے گارڈ کو روکا۔ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ ٹول ناکے کے گارڈ روزانہ گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے بدسلوکی کرتے ہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے گارڈ کی پٹائی کی تھی؟ انہوں نے سیدھا جواب نہیں دیا اور کہا کہ بعدمیں صلح صفائی ہو جانے پر انہوں نے پولیس میں معاملہ درج نہیں کرایا۔ادھر ، اس واقعہ کو لے کر بھرت پورکے پولیس سپرنٹنڈنٹ کیلاش چند وشنوئی، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ بھرت لال مینا، سیور تھانہ کے انچارج لکھن کھٹانا سے کئی بار ان کے دفتر اور موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی۔دفتر میں تعینات ملازم نے ان کے میٹنگ میں مصروف ہونے کی معلومات دی اور موبائل پر فون کرنے پر کوئی جواب نہیں ملا۔پولیس ذرائع نے کہا کہ واقعہ کے سلسلے میں فی الحال مقدمہ درج نہیں ہواہے۔